کاروار25؍دسمبر (ایس او نیوز) محکمہ جنگلات کی جانب سے ایک اسکیم شروع کی گئی ہے جس میں مختلف مقامات پر دیہاتی سطح پر ’گرام آرنیہ سمیتی ‘ تشکیل دی گئی ہے۔ یہ کمیٹیاں درختوں کے باغات بنانے اور ان کا تحفظ کرنے کی ذمہ دار ہوتی ہیں اور محکمہ جنگلات کی طرف سے ایسے باغات سے ہونے والی آمدنی میں ان کو پارٹنرشپ کی بنیاد پر منافع میں حصہ دیا جاتا ہے۔
حال ہی میں منعقدہ ایک پروگرام کے دوران رکن اسمبلی روپالی نائک کے ہاتھوں عوامی جنگلاتی کمیٹیوں کو منافع کے چیکس تقسیم کیے گئے۔کووے گرام آرنیہ سمیتی کو 297213.00روپے، نگے گرام آرنیہ سمیتی کو 83452.00روپے اور بیلورو گرام سمیتی کو 57045.00روپے منافع کے طور پر ادا کیے گئے۔ درختوں کی بڑھتی ہوئی کٹائی کی وجہ سے گرمی کی شدت اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لئے محکمہ جنگلات نے درختو ں کے باغات کی اس مشترکہ اسکیم کو اپنا یا ہے۔
چیک تقسیم کرنے کے اس پروگرام میں اشوک باسرکوڈ چیف کنزرویٹرآف فاریسٹ کینرا سرکل سرسی، گنپتی کے اسسٹنٹ کنزرویٹر آف فاریسٹ کاروار ڈیویژن کاروار، راگھویندرا نائک سرکل فاریسٹ آفیسر کاروارکے علاوہ محکمہ جنگلات کے دیگر افسران، گرام آرنیہ سمیتی کے صدوراور اراکین موجودتھے۔